سوال نمبر 422
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
علمائے کرام کی بارگاہ میں عرض ہے کہ
امام چار رکعت والی کوئی نماز میں چوتھی رکعت میں قعدہ اخیرہ بھول گیا اور کھڑا ہو گیا لقمہ بھی نہیں ملا یاد آنے پر
اب کیا کیا جائے سجدہ سہو یا نماز دہرائی جائے؟
اسی طرح اگر چار رکعت والی کوئی نماز میں امام تیسری رکعت میں بیٹھ گیا لقمہ بھی نہیں ملا یاد آنے پر کیا کریں؟
سائل محمد زاہد خان قادری اورنگ آباد مہاراشٹرا
وعلیکم السلام ور رحمة اللہ وبركاته
الجواب بعون الملک الوہاب
صورت مسئولہ میں سجدہ سہو واجب ہے
مسئله : اگر چوتھی رکعت میں قعدہ اخیرہ نہیں کیا تھا اور پانچویں کے لئیے کھڑا ہو گیا تو یاد آتے ہی لوٹ آئے اور سجدہ سہو کر کے نماز پوری کرے اور اگر پلٹا نہیں اور پانچویں کا سجدہ کر لیا تو اس صورت میں سب کی نماز فاسد ہو گئی اگر کسی مقتدی نے امام کا ساتھ نہ دیا اور تشہد پڑھ کر سلام پھیر دیا تو اس کی نماز ہو گئی
(عالمگیری ص ۶۷ ج ۱ )
(بہار شریعت ص ۱۳۰ ج ۳)
بحوالہ مسائل سجدہ سہو صفہ ۸۸
اگر امام تیسری رکعت پر بھول کر بیٹھ جائے تو حکم یہ ہے کے یاد آنے پر یا لقمہ دینے پر فوراً اٹھ جائے اور چوتھی رکعت پوری کرے اور اگر اٹھنے میں تین مرتبہ سبحان اللہ کہنے کے برابر دیری ہوئی ہو تو آخر میں سجدہ سہو کرے ورنہ سجدہ سہو واجب نہیں اور اگر یاد آنے پر یا لقمہ دینے پر فوراً نہ اٹھے قصداً تشہد پڑھے یا پھر بیٹھا رہے تو اگر تین مرتبہ سبحان اللہ کہنے کی مقدار بیٹھا رہا تو اب قصداً ایک واجب کو چھوڑنا پایا گیا لہذا واجب کو قصداً چھوڑنے سے نماز کا اعادہ کرنا واجب ہے - تیسری رکعت کے سجدے اور چوتھی رکعت کے قیام کے درمیان جان بوجھ کر تین تسبیح سے زیادہ وقفہ کرنے کی وجہ سے اس نماز کا اعادہ کرنا واجب ہے
بہار شریعت ح ۳ ص ۵۱۹
واللہ تعالیٰ اعلم باالصواب
کتبہ
محــــمد معصــوم رضا نوری
۱۳ محرم الحرام ١٤٤١ھ
بروز جمعہ مبارکہ
No comments:
Post a Comment